Fikr ki meraj ho ye arzoo hay Mujtaba
Efforts: Syed-Rizwan Rizvi

فاطمہ سے اِذن لے کے کر رہا ہوں ابتدا
فکر کی معراج ہو یہ آرزو ہے مجتبیٰؑ

خِلقتِ آدم سے پہلے روزِ محشر کے بھی بعد
جس زمانے میں بھی دیکھا چار سُو ہے مجتبیٰؑ

سورۃءِ کوثر کی ہیں مصداق زہراؑ بالیقیں
اوّلیں تفسیرِ کوثر کی نمو ہے مجتبیٰؑ

ہاں فقط صورت میں ہی ہمشکلِ پیغمبرؐ نہیں
سیرت و کردار میں بھی ہو بہو ہے مجتبیٰؑ

زہرِ قاتل نے کئی ٹکڑے جگر کے کر دئے
یوں شہیدوں کی صفوں میں سرخرو ہے مجتبیٰؑ

رک نہیں پاتے ہیں نالے زینبؑ و کلثومؑ کے
خون میں غلطان اُن کے روبرو ہے مجتبیٰؑ

نہ دیا کرنے دفن نانا کے پہلو میں حسنؑ
ظالموں نے تیروں سے کی گفتگو ہے مجتبیٰ

بھائی بہنوں نے نکالے میّتِ شبّرؑ سے تیر
جسم سے پھر ہو گیا جاری لہو ہے مجتبیٰؑ

اشک آنکھوں سے رواں ہیں آصف و رضوان کے
چشم اُن کی غم میں تیرے باوضو ہے مجتبیؑ