Sabr e dasht e Nainawa Ameer e lashkar e Hussain
Efforts: Syed-Rizwan Rizvi



صبرِ دشت نینوا امیرِ لشکر حسینؑ

بہادران صف شکن میں اس جری کے تذکرے
دلاوران تیغ زن میں اس جری کے تذکرے
ہر اک وفا کی انجمن میں اس جری کے تذکرے
رسول پاک کے چمن میں اس جری کے تذکرے
غرور آل مصطفیۖ امیر لشکر حسینؑ
صبرِ دشت نینوا امیرِ لشکر حسینؑ

حسینؑ کا اخی بھی ہے حسینؑ کا غلام بھی
حسینؑ کی سپر بھی ہے تبر بھی ہے حسام بھی
حسینؑ کی زرہ بھی ہے کماں بھی ہے سہام بھی
حسینؑ حکم دیں اگر تو شمر سے کلام بھی
وگرنہ وہ کجا کجا امیر لشکر حسینؑ

جو مرضی حسینؑ ہو تو فتح میں دھرا ہے کیا
شعاعِ مہر کے لئے یہ شام کی گھٹا ہے کیا
فرات تک نہ جانے دیں کسی میں حوصلہ ہے کیا
علی کے شیر کے لئے یہ جنگِ کربلا ہے کیا
اُلٹ دے تخت شام کا امیر لشکر حسینؑ
صبرِ دشت نینوا امیرِ لشکر حسینؑ

یزید بد نہاد سے سکون ذات چھین لے
محافظین نہر سے حق حیات چھین لے
جو مرضی حسینؑ ہو ابھی فرات چھین لے
فرات کیا ہے یہ وہ ہے جو کائنات چھین لے
بڑا بلند حوصلہ امیر لشکر حسینؑ
صبرِ دشت نینوا امیرِ لشکر حسینؑ

حسینؑ اذن دیں اگر ابھی یہ سب کو دیکھ لے
ابھی عراق و شام کو ابھی حلب کو دیکھ لے
ابھی ابھی یہ کوفیان بے ادب کو دیکھ لے
مقابلہ جو آپڑے تو کل عرب کو دیکھ لے
مثال شاہ لافتی امیر لشکر حسینؑ
صبرِ دشت نینوا امیرِ لشکر حسینؑ

مگر یہاں تو حکم ہے کہ بس علی کے شیر بس
حسینؑ اپنی زندگی سے ہوچکے ہے سِیر بس
قریب وقت عصر ہے بس اب مرے دلیر بس
ہمارے کوچ میں کہیں مزید ہو نہ دیر بس
کرے گا تابہ کے وغا امیر لشکر حسینؑ
صبرِ دشت نینوا امیرِ لشکر حسینؑ