صلوٰۃ و سلام آپ پہ یا فاطمہ زہرا
پُرسے کے لیئے آئے ہیں یا فاطمہ زہرا
ہو لاکھ دورود آپ پہ شہزادیئِ کونین
غم اتنے سہے آپ نے اے مادرِ حثنین
مرقد میں بھی اعدائ نے نہیں لینے دیا چین
از بعدِ محمد رہے لب پر تیرے یہ بین
افلاک بھی تھرّائے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔۔
جب چاند محرم کا نظر آتا ہے بی بی
شبیر کا تب یاد سفر آتا ہے بی بی
عاشور کا منظر ہمیں رُلواتا بی بی
اُجڑا جو نظر آپ کا گھر آتا ہے بی بی
ہم نوحہ کناں آئے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔۔
عاشور کی وہ صبحِ اذانِ علی اکبر
چلتے ہوئے وہ تیر عبادت کا وہ منظر
خیمے میں پریشان تھی زینب تیری دختر
اور پیاس سے گہوارے میں روتا رہا اصغر
ہم بھول نہیں پائے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔۔
زینب کے پسر عو ن ومحمدکی شہادت
خاموشی سے زینب نے سہی تھی وہ قیا مت
نہ اشک بہائے نہ کی آوازِ میرے سد
دریا پہ جو جانے کی نہ تھی ماں کی اجازت
پیاسے ہی پلٹ آئے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔۔
اک گٹھڑی میں اک چاند سے قاسم کا جنازہ
میدان سے جب خیمہءِ فرواہ میں آیا
سب بہنیں بُکا کرتیں تھیں دلہن کا تھا نوحہ
کب خون کی مہندی سے سجا ہے کوئی دولہا
شہ درد سے تھرّائے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔۔
کس طرح لکھی جائے علمدار کی رخصت
یافاطمہ زہرا نہیں الفاظ میں طاقت
پیاسوں کے کلیجے پہ گر ا کوہے مصیبت
جاتی رہی تب بازوئے شبیر کی قوّت
جب مشک و علم لائے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔۔
لیلیٰ نے سنوارا علی اکبر کو یہ کہکر
دن بیاہ کے ہیں پھر بھی سدھارو میرے دلبر
شرمندہ محمد سے نہ ہو جائے یہ مادر
دم نادِعلی کردوں تیرے سینے کے اُپر
گل سہرے کے مرجھائے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔۔
جب تیروں کی برسات میں گھر سے گئے اصغر
ماں کہتی تھی پانی اِسے دے دینگے ستمگر
معلوم نہ تھا تیر ہے اصغر کا مقدر
تڑپے گا ابھی باپ کے ہاتھوں پہ یہ دلبر
شہہ لاشہ اُٹھا لائے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔۔
جب گردنِ شبیر پہ چلنے لگا خنجر
خود آپ تو موجود تھیں وہاں بنتِ پیمبر
ماں کہہ کے صدا دیتا تھا جب آپ کو دلبر
جنت سے چلے آئے تھے جب دشت میں حیدر
ہم رونے کو یاں آئے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔۔
اے کاشف و ریحان پسِ شامِ غریباں
سیدانیاں روتی تھیں لرزتا تھا بیاباں
جلتے ہوئے خیموں کا دھواں بر سرِ میداں
اک بچی کا شعلوں میں سُلگتا ہوا دامن
دل درد سے بھر آئے ہیں یا فاطمہ زہرا
صلوٰۃ و سلام آپ پہ۔۔