Mera Mustafa hay
Efforts: Syed-Rizwan Rizvi

میرا مصطفیٰؐ ہے میرا مصطفیٰؐ ہے 

وجودِ خدا کا جو پہلا گواہ ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے 

یہ شمس و قمر یہ فلک یہ ستارے 
یہ پھول اور کلیاں مہکتے نظارے 
سبھی جس کی خاطر بنایا گیا ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے 

ہے قُل کی ہر آیت اِسی کا اشارہ 
اِسی كے وسیلے سے خالق پُکارا 
وہ جس کی زباں سے خدا بولتا ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے 

وہ امرِ الٰہی كے آنے سے پہلے 
وہ آدمؑ کو گردن جھکانے سے پہلے 
فرشتوں نے بھی جس کو سجدہ کیا ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے 

وہ جس کی طہارت کی یہ انتہا ہے 
پسینے كے قطرے سے آدمؑ بنا ہے 
وہ جس كے لہُو کا اثر فاطمہؑ ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے 

نبی بھی جھکائے ہیں ولی بھی جُھکے ہیں 
بڑے ہی ادب سے علیؑ بھی جُھکے ہیں 
سدا جس كے در پہ ہر اونچا جُھکا ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے 

گِرا جس کوئیں میں وہ میٹھا ہوا ہے 
لگا جو زخم پہ تو مرہم بنا ہے 
وہ جس کا لعابِ دھن بھی شِفا ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے 

جو شاہکارِ قدرت ہے قادر خدا کا 
جو گوہر ہے انمول و نادر خدا کا 
وہ جس جیسا دنیا میں نہ دوسرا ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے 

وہ اِدراکِ انسان میں آئے تو کیسے 
وہ ذہنِ بشر میں سمائے تو کیسے 
جسے بس علیؑ اور خدا جانتا ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے 

ہونے نہ دی جس نے تحقیرِ انساں
بچا لی ہے جس نے تَوقیرِ انساں
جو انسانیت کو امر کر گیا ہے 
میرا مصطفیٰؐ ہے